حملے کی سازش کا ماسٹر مائینڈ گرفتار
دبئی21اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)لیبیا کے ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ شدت پسند تنظیم دولت اسلامی داعش نے وزیراعظم فائز السراج پرقاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی کی تھی مگر انٹیلی جنس اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملے کی سازش ناکام بناتے ہوئے سازش کے مرکزی ملزم سمیت متعدد دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ لیبیا کے انٹیلی جنس چیف نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ حکام نے طرابلس میں ریاستی کونسل کے ہیڈ کواٹر کے قریب سے داعش سے وابستہ ایک سیل کا سربراہ پکڑا ہے جس کی شناخت ابو معاذالانصاری کے نام سے کی گئی ہے۔انٹیلی جنس چیف نے بتایا کہ گرفتار داعشی دہشت گرد وزیراعظم فائز السراج پرقاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا تاہم اس کی کسی کارروائی سے قبل ہی اسے پکڑ لیا گیا ہے۔مغربی شہر مصراتۃ سے انٹیلی جنس حکام نے بتایا کہ داعش تنظیم کے 10 کمانڈر اور سیکڑوں جنگجو سرت شہر سے فرار ہو گئے ہیں۔ فرار ہونے والے جنگجو ممکنہ طورپر کسی دوسرے مقام پر دہشت گردی کی کارروائی کرسکتے ہیں۔ ملٹری انٹیلی جنس کا کہنا ہے حالیہ عرصے میں کی جانے والی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں داعش کو غیرمعمولی نقصان پہینچایا گیا ہے۔ سرت سے فرار ہونے والے جنگجو اگر واپس نہ آ سکے تو وہ شہریوں پربھی حملے کر سکتے ہیں۔